NHK ورلڈ > آئیے جاپانی بولیں > آن لائن جاپانی سیکھئے > جاپان میں رہائش کے گر
جاپان میں رہائش کے گر
جاپان کی ثقافت، زبان اور آداب زندگی کے بارے میں مختصر مضمون۔ آپ جو جاننا چاہتے تھے ، وہ اس میں ہو سکتا ہے۔
سبق 50 sasete itadakimasu کا استعمال
آج کل کی جاپانی زبان کی گفتگو میں sasete itadakimasu کا کافی استعمال کیا جاتا ہے ، کیونکہ اسے شائستگی کا انداز تصور کیا جاتا ہے ۔ مثال کے طور پر کسی کاروباری اجلاس میں کسی چیز کی وضاحت سے قبل setsumei sasete itadakimasu کہا جاتا ہے ۔اس کا لفظی ترجمہ کچھ یوں ہوگا ۔ میں آپ کی اجازت سے وضاحت کرتا ہوں ، یا وضاحت کا موقع دئے جانے پر شکرگزار ہوں ۔ حالانکہ اکثر عہدے کے لحاظ اسے اجازت کی ضرورت نہیں ہوتی ، اور اس بات کو سادہ انداز میں setsumei shimasu بھی کہا جا سکتا ہے ، لیکن setsumei sasete itadakimasu کو زیادہ شائستہ خیال کیا جاتا ہے ۔بعض اوقات دکانوں پر لگے ہوئے نوٹس میں لکھا ہوتا ہے ، Juji kara eigyo sasete itadakimasu ۔ اس کا لفظی ترجمہ یوں ہوگا ۔ ہم آپ کی اجازت سے 10 بجے سے کاروبار شروع کریں گے ۔ یہ دراصل غلط استعمال ہے ۔لیکن زبان میں وقت کے ساتھ تبدیلیاں آتی رہتی ہیں ۔ ہو سکتا ہے ، غلط العام ہونے کے باعث آئندہ اسے درست جاپانی تسلیم کرلیا جائے ۔
سبق 49 عوامی حمام
جاپان کے زیادہ تر گھروں کے غسلخانوں میں ایسے باتھ ٹب ہوتے ہیں ، جن میں ایک اوسط قد کا شخص پاؤں پھیلا کر بیٹھ سکتا ہے ، اور گرم پانی اس کے کندھوں تک ہوتا ہے ۔ گھر کے تمام افراد، گرم پانی کے اس ٹب میں جاتے ہیں ، اس لئے ٹب میں داخل ہونے سے قبل جسم کو اچھی طرح صاف کیا جاتا ہے ۔ جاپانی لوگ نہانے کے بعد جسم کو گرم کرنے کے لیے گرم پانی کے ٹب میں کچھ دیر کے لیے بیٹھتے ہیں ۔
جاپان میں قدرتی گرم پانی کے چشموں کے حامل عوامی حمام بھی کافی مقبول ہیں ۔ گرم چشموں میں غسل کے لیے کئے جانے والے سفر کو Onsen Ryoko کہا جاتا ہے ۔ چشموں کا پانی چھوٹے چھوٹے حوضوں میں ہوتا ہے ، جن میں لوگ بیٹھ کر سکون و راحت محسوس کرتے ہیں ۔ بعض عوامی حماموں میں roten buro یعنی کھلی چھت والے حوض بھی ہوتے ہیں ، جن میں بیٹھ کر ارد گرد کے خوبصورت مناظر سے بھی لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے ۔ آزادی کے احساس کی بدولت یہ حمام عوام میں انتہائی مقبول ہیں ۔
سبق 48 موسمی اشیاء
جاپان میں چاروں موسموں کے اپنے کھانے ہیں ۔ ان میں سے کچھ کا تعارف پیش ہے ۔
موسم گرما کی سوغات ککڑی اور بام مچھلی ہیں ۔ ککڑی جسم کی حرارت کم کرتی ہے، اس لیے اسے گرمیوں کی بہترین چیز باور کیا جاتا ہے ۔
موسم خزاں کو کھانے کا موسم کہا جاتا ہے ، کیونکہ اس میں بھوک زیادہ لگتی ہے ۔اس موسم میں کھانے کی بیشمار اشیاء ہوتی ہیں ۔ ان میں املوک ، جسے جاپانی پھل بھی کہا جاتا ہے، بحرالکاہل کی ساؤری مچھلی، اور کھمبیاں خصوصاً قابل ذکر ہیں ۔
سردیوں میں کوڈ مچھلی اور بڑی مولی زیادہ کھائی جاتی ہے ۔
کھانے کی اشیاء اپنے مخصوص موسم میں زیادہ مقدار میں بھی دستیاب ہوتی ہیں ، اور ان کی قیمت بھی مناسب ہوتی ہے۔ موسم کی سمندری اشیاء خصوصاً زیادہ مقبول ہیں اور بازار میں 'سال کا پہلا شکار آگیا' جیسی آوازیں سنائی دیتی ہیں ۔
سبق 47 خصوصیت یا مہارت
جاپان شمالاً جنوباً پھیلا ہوا ملک ہے ، اور اس کا ہر خطہ مختلف قدرتی مناظر سے مالا مال ہے ۔ یہاں چاروں موسم نہایت واضح ہیں ۔ لیکن ہر علاقے کی مختلف موسموں کے لحاظ سے مختلف سوغاتیں ہیں ۔
کوہ فُوجی کے دامن میں واقع شِزواوکا پریفیکچر ، سبز چائے کی پیداوار کے لیے مشہور ہے ۔ یہاں جاپان بھر میں سب سے زیادہ چائے پیدا ہوتی ہے ۔ اس کے سمندری علاقے ، چھوٹی سارڈین مچھلیوں اور ساکُورا ایبی نامی چھوٹے جھینگے وغیرہ جیسی سمندری خوراک کے لیے مشہور ہیں ۔
یقیناً ٹوکیو کی بھی اپنی خصوصی اشیاء ہیں ۔ ان میں نوری کہلانے والی سمندری کائی شامل ہے۔ جاپان کے مشہور کھانے سُوشی میں بھی اس کا استعمال کیا جاتا ہے ۔ خلیج ٹوکیو میں کاشت کی جانے والی نوری ، اپنے مٹھاس آمیز ذائقے ، اور تیز خوشبو کی بدولت کافی مقبول ہے ۔
آج کل انٹرنیٹ کے ذریعے ،جاپان کے کسی بھی علاقے کی خصوصی مصنوعات گھر بیٹھے منگوائی جا سکتی ہیں ۔ تاہم ، اشیائے خوردنی سے لطف اندوز ہونے کا بہترین طریقہ ، کسی چیز کے مخصوص موسم میں اُس علاقے میں جا کر کھانا ہی ہے ۔
سبق 46 کوہ فُوجی
کوہ فوجی پر چڑھنے کے لیے گرمی کا موسم بہترین ہے ۔ ہر سال جولائی اور اگست کے مہینوں میں کوئی 3 لاکھ افراد اس کی چوٹی کا رخ کرتے ہیں ۔ ان میں سے تقریباً 30 فیصد غیرملکی سیاح ہوتے ہیں ۔ گرمی کا موسم ہونے کے باوجود جیسے جیسے اوپر جائیں ، درجہ حرارت کم ہوتا جاتا ہے، اور چوٹی کے قریب پہنچنے پر موسم تیزی سے تبدیل ہوتا ہے ۔ کوہ فوجی کی چوٹی سطح سمندر سے 3776 میٹر بلند ہے ۔ چوٹی پر جانے کے لیے بارش اور سردی سے بچاؤ والا لباس، پانی اور ہنگامی غذا ساتھ لیجانا ضروری ہے ۔ اس کے علاوہ بلندی پر طبیعت خراب ہونے کا امکان بھی ہوتا ہے ۔
کوہ فُوجی ہر عمر کے مردوخواتین میں انتہائی مقبول ہے ۔ تاہم صرف 150 سال قبل تک خواتین کو اس پہاڑ پر چڑھنے کی اجازت نہیں تھی ۔ لیکن معلوم ہوا کہ کچھ خواتین مردوں میں گھل مل کر اس پر چڑھا کرتی تھیں ۔ کوہ فوجی ، پرانے زمانے میں بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز تھا، اور آج کے دور میں بھی شائقین کا پسندیدہ مقام ہے ۔
تازہ ترین
اسباق دیکھیں
مزید دیکھئے
Bookmark
RSS
![[بلاقیمت] اسباق ڈاؤن لوڈ (آڈیو / اسباق)](../images/btn_dl.png)