NHK ورلڈ > آئیے جاپانی بولیں > اردو نشریات کا صفحہ اول > گُر کی باتیں > فعل کو اسم میں تبدیل کیسے کریں (سبق 47)

گُر کی باتیں

فعل کو اسم میں تبدیل کیسے کریں (سبق 47)

فعل کو اسم میں تبدیل کرنے کے لیے فعل کی سادہ شکل جیسا کہ لغوی یا TA شکل کے بعد NO یا پھر KOTO لگایا جاتا ہے۔


آئیے اسے مکالمے کے کلیدی جملے ’’جاپانی زبان کی استاد بننا میرا خواب ہے‘‘ کی مدد سے سمجھتے ہیں۔ فعل ہونا یعنی NARIMASU کو اسم میں تبدیل کرنے کے لیے آپ NARIMASU کی لغوی شکل NARU کے ساتھ NO لگائیں گے۔ ایسا کرنے سے یہ اسم میں تبدیل ہو کر NARU NO بنے گا جو کہ ایک اسم ہے۔ چنانچہ، جاپانی زبان کی استاد بننا میرا خواب ہے کو NIHONGO-KYÔSHI NI NARU NO GA YUME DESU کہیں گے۔

یہی بات کہنے کے لیے NO کی بجائے KOTO بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یعنی بننا کے اسم کے لیے NARU NO کی بجائے NARU KOTO بھی ہو سکتا ہے۔ اگر آپ NARU KOTO استعمال کرتے ہیں تو یہ جملہ NIHONGO-KYÔSHI NI NARU KOTO GA YUME DESU ہو جائے گا۔

لیکن فعل سے بنائے گئے اسم کے فوراً بعد اختتامی لفظ DESU ہو تو فعل سے اسم بنانے کے لیے صرف KOTO ہی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ کلیدی جملے کا موضوع تبدیل کرکے یوں کہنا ہو کہ ’میرا خواب جاپانی زبان کی استاد بننا ہے‘، تو میرا خواب کو WATASHI NO YUME کہیں گے۔ یعنی جاپانی زبان میں مکمل جملہ WATASHI NO YUME WA NIHONGO-KYÔSHI NI NARU KOTO DESU ہوگا۔
دوسری جانب فعل سے بنائے گئے اسم کے فوراً بعد دیکھنا یا سننا جیسے دوسرے فعل آنے کی صورت میں پہلے فعل سے اسم بنانے کے لیے صرف NO ہی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ تو آئیے اندازہ کرتے ہیں کہ یہ جملہ یعنی، ’پرندوں کی چہچہاہٹ سنائی دے رہی ہے‘ بنانے کے لیے اس طریقہ کار کو کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

تو پرندے یا پرندوں کو TORI کہتے ہیں۔ گانا یا چہچہانا NAKIMASU ہے اور اس کی لغوی شکل NAKU ہے۔ چنانچہ، پرندوں کی چہچہاہٹ کو TORI GA NAKU NO GA کہیں گے۔ پھر سنائی دینا کو KIKOEMASU کہتے ہیں۔ چنانچہ پورا جملہ ’پرندوں کی چہچہاہٹ سنائی دے رہی ہے‘ TORI GA NAKU NO GA KIKOEMASU ہو گا۔
آپ این ایچ کے، کی ویب سائیٹ چھوڑ دیں گے